بنگلورو7؍جولائی(ایس او نیوز) ریاستی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر آج چنتامنی کے رکن اسمبلی جے کے کرشنا ریڈی کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا۔ آج جیسے ہی ایوان کی کارروائی شروع ہوئی اسپیکر رمیش کمار نے ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کی کارروائی کا آغاز کیا۔
اس مرحلے میں جنتادل (ایس) کے کے ایم شیولنگے گوڈا نے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر کرشنا ریڈی کو منتخب کرنے کی تجویز پیش کی ،جس کی کے گوپالیہ نے تائید کی۔اس کے بعد اسپیکر نے اس تحریک کو ووٹنگ کے لئے پیش کیا اور اتفاق رائے سے ڈپٹی اسپیکر کے طور پر کرشنا ریڈی کا انتخاب عمل میں آیا۔
انتخاب کے بعد وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور اپوزیشن لیڈر بی ایس یڈیورپا نے ڈپٹی اسپیکر کو ان کی مقررہ کرسی تک پہنچایا۔اسپیکر رمیش کمار نے ڈپٹی اسپیکر منتخب ہونے پر کرشنا ریڈی کو مبارکباد دی،اور ان کی حمایت کرنے والے تمام اراکین اسمبلی کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر اسپیکر نے کہاکہ وہ نئے ڈپٹی اسپیکر کو ایوان کی کارروائیوں کو آگے بڑھانے کے سلسلے میں مکمل رہنمائی کرتے رہیں گے اور توقع ظاہر کی کہ اگلے پانچ سال کے دوران وہ ایوان کی کارروائیوں کو بہتر طریقے سے آگے لے جانے میں ان کا ساتھ دیں گے۔
اپنے انتخاب پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر کرشنا ریڈی نے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی ، نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور ، کانگریس لیجسلیچر پارٹی لیڈر سدرامیااور اپوزیشن لیڈر یڈیورپا کا شکریہ ادا کیا ،اور کہاکہ ان تمام کی رہنمائی اور تعاون سے وہ کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سینئر اراکین کے ہوتے ہوئے انہیں ڈپٹی اسپیکر بننے کا موقع فراہم کیا گیا ہے، اس کے لئے وہ تمام اراکین کے ممنون رہیں گے۔